English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لیبیا میں تارکین وطن کی اجتماعی قبروں کا انکشاف

القمر

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے تفتیشی ماہرین نے لیبیا میں تارکین وطن کی اجتماعی قبروں کا انکشاف کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ ان رپورٹوں کی تصدیق کرنے کی کوشش میں ہیں کہ لیبیا میں تارکین وطن کی اسمگلنگ کے بڑے مراکز میں مبینہ طور پر غیر ملکیوں کی اجتماعی قبریں موجود ہیں۔ عالمی ادارے کے ماہرین کے مطابق ایسی رپورٹیں ملی ہیں کہ ان تارکین وطن کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا ۔ اس طرح کے ان گنت واقعات اور ان کے قتل کے شواہد مل رہے ہیں۔ یہ بات ماہرین کو خاص طور پر لیبیا کے صحرائی شہر بنی ولید میں ایسی مبینہ قبروں کے بارے میں وہاں مقیم تارکین وطن اور مہاجرین نے بتائی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات غیر واضح ہے کہ ایسی مبینہ اجتماعی قبروں میں کتنے تارکین وطن کی لاشیں دفن کی گئی ہوں گی۔ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے دنیا ہجرت کے رجحان میں تیزی پر تشویش کا اظہار کرتے رہتے ہیں ۔ تارکین وطن عام طور پر انسانی اسمگلروں کے جال میں پھنس کر اپنی زندگیاں گنوادیتے ہیں۔ عام طور پر انسانی اسمگلر تارکین وطن سے بھری کشتی کو بیچ سمندر میں لے جاکر چھوڑ دیتے ہیں۔ ا سے قبل 20مارچ کو بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 20 مہاجرین زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے