برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ نے یورپی یونین میں کورونا کی چوتھی ویکسین کی تجویزدے دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق وزیر صحت کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک میں 60سال سے زائد عمر کے ہر شہری کو کورونا کی چوتھی ویکسین لگائی جائے۔ لاؤٹرباخ نے برلن میں کہا کہ وہ برسلز میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے صحت کے آیندہ اجلاس میں تجویز پیش کریں گے کہ معمر شہریوں کے کمزور مدافعتی نظام کے پیش نظر انہیں کورونا وائرس کی ایک اور ڈوز لگائی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اجلاس کے دوران اس تجویز کو منظور کرلیا گیا تو ممکنہ طور پر چوتھی ویکسین رواں سال ستمبر سے لگانا شروع کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب جرمن حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 24گھنٹے کے دوران مزید 307 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ بات جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بتائی ہے۔
