لاہور: پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب حاصل کرنے کیلئے تحریک انصاف نے خاموشی اختیار کرلی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) نے پنجاب اسمبلی میں اراکین اسمبلی کے مختلف گروپوں سے رابطے تیز کردئیے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) نے علیم خان گروپ اور ہم خیال چھینہ گروپ کے لوگوں سے رابطے مکمل کرلئے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) نے دونوں گروپوں سے وزارت اعلیٰ کے منصب کے لئے چودھری پرویز الٰہی کے لئے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے نے متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کی حمایت کرنے کی درخواست کی ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے
کہ مسلم لیگ (ق) نے ہم خیال چھینہ گروپ کو کابینہ میں نمائندگی دینے کی پیش کش کی ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دینے کی پیشکش کی ہے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے مذکورہ دونوں گروپوں میں اپنے اپنے گروپوں کے مشاورتی اجلاس طلب کرلئے ہیں۔ جو جلد ہی حمایت کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرسکیں گے۔
