فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماں بٹ ، انجینئر عظیم رندھاوا، میاںطاہرایوب نے شہرمیں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکارہو رہے ہیں ۔ عوام نے اگر از خود چوروں اور ڈاکوئوں کا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ کسی بڑے حادثہ کا سبب ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ارکان اسمبلی نے شہر کی حالت زار پر توجہ دینے کے بجائے اپنی حالت سنوارنا شروع کر رکھی ہے۔پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے مگر حکومتی ارکان اسمبلی خاموش تماشائی کا کرداراداکررہے ہیں ۔وفاقی و صوبائی وزرا اور درجنوں ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کی موجودگی میں شہری اپنی عزت،جان و مال اور کارو بار سے پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ،بیروزگاری اور معاشی بحران کے شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ذہنی امراض میں مبتلاکیاجا رہا ہے، عوام کے جان ومال اورعزت وآبرو بھی غیرمحفوظ ہوچکے ہیں۔فیصل آباد کے شہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیںاس کی مثال کہیں نہیں ملتی ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ فوری طور اس امن و امان کی بحالی پر توجہ دی جائے اور شہریوں کی عزت اورجان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے ،شہر میں جرائم کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہریوں کو اپنی حفاظت آپ کرنے کے لیے اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے۔
