اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور اس کے اسٹے آرڈر پر بیٹھے ڈپٹی اسپیکر دونوں آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں اور انہوں نے پاکستان کو دنیا کے سامنے بے توقیر کرنے کی کوشش کی ہے۔اس آئین شکنی پر دونوں کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلے گا۔عدالت عظمیٰ میں یہ اقدام چیلنج ہو گا اور کالعدم ہو گا ۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اور اس کے جوکروں نے پاکستان کے آئین کو ردی کا ٹکڑا سمجھ رکھا ہے۔ فاشزم اور بدمعاشی کا بدترین مظاہرہ کر کے یہ اپنا کچھ نہیں بلکہ ملک کا تماشا بنا رہے ہیں۔ اس رویہ کا مقابلہ کریں گے اور پاکستان کو کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بننے دیں گے۔
