کراچی (اسٹاف رپورٹر)کھیلوں کے رشتے بین الاقوامی سطح پر امن کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ،پاکستان آج بھی اپنے ہمسائیوں کے ساتھ کھیلوں کے ذریعے خوشگوار تعلقات بنانے کا حامی ہے ،ہمارے تمام اولمپئنز اور کھلاڑی پاکستان کے امن کے سفیر ہیں۔ ان خیا لات کااظہارسندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر امتیاز شیخ نے کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر نیا ناظم آباد میں جاری فٹ بال ٹورنامنٹ کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ 6اپریل کا دن دنیا بھر میں کھیل اور امن کے حوالے سے اپنی الگ اور خصوصی پہچان رکھتا ہے ،ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے ہمیں فخر ہونا چاہئے کہ ہم ایشیا کے اس خطے میں رہتے ہیں جہاں کشیدگی کبھی کم نہیں ہوتی اس کے باوجود ہم اپنے تما م ہمسایہ ممالک سے کھیلوںکے رشتے بحال رکھنے میں ہمیشہ پہل کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جب بھی کھیل بحال ہوئے تمام شعبوں میں تعلقات بہترین رہے۔
