حیدرآباد(رپورٹ: عائشہ پرویز)سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان فیڈریشن بیس بال و انڈس ویلی اسکول سسٹم حیدرآباد کے اشتراک سے اقوام متحدہ کے اسپورٹس کا عالمی دن برائے ترقی و امن منایا گیا۔جس میں کنگفو، بیس بال اور فینسنگ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔ IVSS کی ہیڈ میڈم زھرا سولنگی کی نگرانی میں منعقدہ مذکورہ پروگرام میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے ممبر و سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر پرویز احمد شیخ، سیکریٹری پاکستان فیڈریشن بیس بال وومین ونگ عائشہ ارم اور حیدرآباد اولمپک اسپورٹس کمیٹی کے خازن سید سلمان جعفری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔مقررین نے اس عالمی دن کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے مختلف زاویوں سے کھیلوں کو معاشرے کی ترقی و قیام امن کے سلسلے میں کارگر قرار دیا۔انکا کہنا تھا کہ ایک اچھا شہری ہی معاشرے کو اچھا بنانے کا مفید اور پائیدار زریعہ ہے اور یقینا کھیل اس مقصد کے حصول میں معاون ہوتے ہیں۔ اس موقع پر حیدرآباد کنگفو اکیڈمی کی نگرانی میں کنگفو مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں بوائز و گرلز نے کثیرتعداد میں حصہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے وھائٹ کارڈ اٹھا کر IVSS حیدرآباد سے دنیا بھر میں امن کا پیغام ارسال کیا۔آخر میں پرویز احمد شیخ، میڈم عائشہ ارم، سید سلمان جعفری، میڈم زہرہ سولنگی،میڈم ناظمہ سبحان، میڈم سارہ گل حسن،اسپورٹس ٹیچر ظہیرالدین اور دیگر ٹیچرز نے کنگفو کے کامیاب شرکاء میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔
