English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اختیارات سے متعلق درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

القمر

لاہور (آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب کے فوری انتخاب ،ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اختیارات کے بارے میں 2 مختلف اور اس کے ساتھ2 متفرق درخواستوں پر سماعت (آج)پیر 11اپریل کو ہو گی ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی ان درخواستوں پر سماعت کریںگے ۔ چیف جسٹس نے مرکزی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا ہے ۔ حمزہ شہباز کی جانب سے مرکزی درخواست کے ساتھ ایک متفرق درخواست بھی دائر کی گئی ہے جس میں موقف اپنایاگیا ہے کہ عثمان بزدار کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب استعفا منظور ہو چکا ہے جبکہ صوبے میں کوئی کابینہ موجود نہیں۔قانون کے مطابق انتخابات کے دوران ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کی جا سکتیں۔پنجاب میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہونے جارہا ہے اوراب چیف سیکرٹری اور آئی جی کے تبادلے پر غور کیا جا رہا ہے۔استدعا ہے کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کے ممکنہ تبادلوں سے روکا جائے۔ مسلم لیگ (ق)نے نامزد وزیر اعلی حمزہ شہباز اور ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کی لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں میں فریق بنے کے لیے درخواست جمع کر ادی ۔ مسلم لیگ (ق)کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ارکان پنجاب اسمبلی کو نجی ہوٹل میں زبردستی بند کرکے ان سے رابطے منقطع کیے گئے ہیں ،ارکان اسمبلی کو اس طرح حراست میں رکھنا غیر قانونی ہے،وزارت اعلیٰ کے منصب کے لیے امیدواروں سے رابطے کرنا چاہتے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن)نے نجی ہوٹل میں ارکان اسمبلی کو قید کیا ہوا،عدالت انہیں ہوٹل میں قیام پذیر رکھنے کا اقدام غیر قانونی قرار دے اور ہمیں حمزہ شہباز کی درخواست میں فریق بننے کی اجازت دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے