مظفر آباد (صباح نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس16 اپریل کو طلب کر لیا گیا ہے‘ اجلاس میںآزاد کشمیر کے وزیراعظم سردارعبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے25 اراکین اسمبلی نے منگل کو اپنی ہی جماعت کے وزیر اعظم سردارعبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔ سیکرٹری قانون ساز اسمبلی کے دفتر میں تحریکِ عدم اعتماد ڈپٹی اسپیکر چودھری ریاض، وزیر خوراک علی شان سونی اور پارلیمانی سیکرٹری بحالیات اکبر ابراہیم نے جمع کرائی جن ارکان نے تحریک عدم اعتماد پر دستخط کیے ان میں عبدالماجد خان، اکبر ابراہیم، امتیاز نفیس، شاہدہ صغیر، چودھری علی شان سونی، جاوید بٹ، محمد رفیق، نثار انصر، ملک ظفر، چودھری اخلاق، یاسر سلطان، چودھری ارشد، فہیم ربانی، محمد رشید، ریاض احمد، مقبول احمد، سردار احمد حسن خان، تقدیس کوثر گیلانی، خواجہ فاروق احمد، محمد مظہر سید، محمد اقبال، مظہر صادق، دیوان علی خان اور محمد اکمل سرگالہ شامل ہیں۔ آزاد کشمیر کے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے منگل کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اے جے کے اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی قرارداد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری سے جمع کرائی گئی ہے‘اس کا مقصد مسلم لیگ نواز اور پیپلزپارٹی کے گٹھ جوڑ کو ناکام بنانا ہے۔اس سے قبل وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ایک جمہوری عمل ہے۔ دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔ قانون ساز اسمبلی کے کل53 ارکان میں سے پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد31 ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر14 روز کے اندر اسمبلی میں ووٹنگ ہوگی۔
