لندن(جسارت نیوز)انگلش پریمئر فٹ بال لیگ میں دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی نے برائٹن اینڈ ہوو البیون،آرسنل نے چیلسی اور نیوکیسل یونائیٹڈ نے کرسٹل پیلس کو شکست دے دی، لیسٹر سٹی اور ایورٹن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1 گول کی برابری پر ختم ہوا۔پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔اتحاد سٹیڈیم، مانچسٹرمیں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی نے بآسانی برائٹن اینڈ ہوو البیون کو 0-3 گول سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ریاض مہریز،فل فوڈن اور برنارڈو سلوا نے ایک ایک گول کیا۔ اسٹامفورڈ برج، لندن میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل کی ٹیم نے چیلسی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ آرسنل کی فتح میں ایڈورڈ کیدار نکیٹی نے دو جبکہ ایمیل اسمتھ رو اور بکائیو ساک نے ایک ایک گول اسکور کر کے اہم کردار ادا کیا۔ چیلسی کی جانب سے ٹیمو ورنر اورسیزر ایزپیلیکیٹ نے ایک ایک گو ل کیا۔سینٹ جیمز پارک، نیو کیسل میں کھیلے گئے میچ میں میزبان نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد کرسٹل پیلس کی ٹیم کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ نیو کیسل یونائیٹڈ کی جانب سے واحد گول میگوئل لامیرون نے میچ کے 32 ویں منٹ پر اسکور کیا۔
