لاہور (جسارت نیوز) جب سے پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو از سر نو تشکیل دیا گیا ہے تب سے بلوچستان مشکلات کا شکار ہے۔ تاہم وہ پاکستان کے ڈومیسٹک 50 اوور کے ٹورنامنٹ میں الگ ہی نظر آئی اور ٹرافی اپنے نام کر لی۔ حسیب اللہ خان ان کی کامیابی کی بڑی وجہ رہے ہیں۔ اس نوجوان نے اب پاکستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے پر نظریں جما رکھی ہیں۔انہوں نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بچپن سے، میرا واحد مقصد تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے۔ بلوچستان کا کوئی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جس نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہو۔ میرا مقصد اس ہدف کو جلد از جلد حاصل کرنا ہے۔ تاہم، وکٹ کیپر بلے باز ہونے کے ناطے محمد رضوان کیسے سپر سٹار کھلاڑی کے ہوتے ہوئے پلیئنگ الیون میں جگہ بنانا ان کے لیے آسان نہیں ہوگا اور بہت سے دوسرے بیک اپ کھلاڑی بھی دستیاب ہیں۔اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے 20 سالہ نوجوان نے کہا کہ وہ محنت پر فوکس کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ پر یقین رکھتے ہیں۔
