English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سلیکٹڈ امپورٹڈ کیخلاف نکل پڑا ہے،امیرالعظیم

القمر

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ منافقت ہمارے قومی اداروں میں گھل مل گئی ہے۔ حکمران پارٹیاں بڑی ڈھٹائی کے ساتھ ایک دوسرے کو للکار رہی ہیں۔ یوٹرن ابائوٹ ٹرن سے جھگڑا کر رہا ہے۔ بنی گالہ کے محلات والے رائیونڈ کے محلات سے الجھ رہے ہیں۔ سلیکٹڈ امپورٹڈ کے خلاف جہدوجہد کر رہا ہے کہ ساری جماعتیں بیانیے کے حساب سے قوم کو فریب اور سراب دکھا رہی ہے۔ ہر ادارہ اپنا اعتماد کھو چکا ہے اس کے باوجود وہ عوام سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس پر اندھا اعتماد کیا جائے۔ چہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی ہی تمام مسائل کا حل ہے، مدینے کی ریاست کا دعویٰ کرنے والے کہتے ہیں کہ توشہ خانہ میرے ہاتھ میں ہے تو میری مرضی جیسے چاہوں استعمال کروں۔وطن عزیز میں بڑے عرصے سے حکمرانوں کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ زرداری، نواز نے بھی اس ملک کو لوٹنے میں کوئی کمی نہیں کی ہے۔ قرآن کو ماننے کی بات کہنے والے جب قرآن کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں گے تب وہ تقویٰ اور پرہیزگاری کے عروج پر پہنچیں گے۔ قوم کو چاہیے کہ اب وڈیروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور امریکی غلاموں کے ہاتھوں میں اپنی تقدیر دینے کے بجائے صاف،شفاف اور امانتدار لوگوں کے ہاتھوں میں ملکی زمام کار دیں تاکہ ملک ترقی اور عوام کو مہنگائی، بیروزگاری،بدامنی، لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاڑکانہ کے تحت منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ، ضلعی امیر ابو زبیر جکھرو،مقامی امیر رمیزراجا شیخ،سابق میئر قربان علی عباسی سمیت شہرکے سیاسی وسماجی رہنما دانشور اورصحافی بھی موجود تھے۔امیر العظیم نے کہا کہ وکیل،ڈاکٹر، جج جب تک متقی نہیں ہوں گے، ان کا دھیان مریض، سائل کے مسائل پر نہیں بلکہ ان کی جیب پر ہوگا، اگر عدالت عالیہ کے اندر تقویٰ نہیں ہے۔ سسلین مافیا، چینی،شگر مافیا پتلی گلی سے نکل جائیں گے کیوں کہ وہ نیوٹرل نہیں بلکہ مجرموں کو این آر او دے رہے ہیں، ایسے لوگ جو خائن ہیں، وعدہ خلاف اور جھوٹے ہیں وہی لوگ پھر اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں میں مسند اقتدار پر فائز ہوجاتے ہیں۔ لوگ کہتے ہیں ایسے متقی اور اچھے مخلص لوگ کہاں سے آئیں گے، جماعت اسلامی تو الیکشن کبھی جیت نہیں سکتی، یاد رکھیں تاریخ کا قبرستان ایک نئی قبر تیار ہے جس میں پاکستانی عوام کو لیٹنا ہوگا، اگر ہم نے انہیں عذرات پر اپنے قومی اداروں کو ایسے لوگوں کے حوالے کیا تو پھر اس ملک اور عوام کی تقدیر تباہی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔دریں اثنا امیر العظیم نے وادی سندھ کے معروف دینی وادبی اشاعتی ادارے مہران اکیڈمی کا دورہ کیا۔ صوبائی نائب امیر و ڈائریکٹر پروفیسر نظام الدین میمن نے کتب ویگر امورپر بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے