English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مجرمانہ غفلت سے کھاد کا بحران پیدا کیا گیا ، وزیر اعظم

القمر
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف گندم کی پیداوارکے دستیاب اسٹاک کی خریداری اور طلب کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن+اے پی پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گندم کی کاشت کے دنوں میں مجرمانہ غفلت، بد انتظامی اور لاپرواہی کی وجہ سے کھاد کا بحران پیدا کیا گیا جس کی بدولت کسانوں اور ملک کو نقصان پہنچا۔ وزیر اعظم کی زیرِ صدارت ملک میں گندم کی پیداوار، موجودہ ذخائر اور صوبائی و قومی سطح پر کھپت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو ملک میں گندم کی اس سال پیداوار کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم. نے کہاکہ پاکستان زرعی ملک ہے، غلط فیصلوں اور بر وقت حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے ہم گندم کی ملکی ضروریات پوری کرنے کے بجائے گندم کی درآمد کرنے والا ملک بنا دیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو بہتر حکمت عملی سے گندم کی پیداوار میں خود کفیل ملک بنائیں گے۔علاوہ ازیں انہوں نے ہواوے کے مشرق وسطیٰ اور افریقا ریجن کے صدر ژی جیانگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے،غیر ملکی ٹیک کمپنیوں کو سرمایہ کاری اور توسیع کے حوالے سے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ موجودہ حکومت آنے والے سال میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 1.5 بلین امریکی ڈالر سے بڑھا کر 15 بلین ڈالر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کے لیے ہواوے کے ساتھ قریبی تعاون کے نتیجے میں پاکستان کے نوجوانوں کو مختلف طریقوں سے تربیت فراہم کی جائے گی جس میں یونیورسٹی کا قیام بھی شامل ہے۔قبل ازیں وزیراعظم نے قوم پر زور دیا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں آرام کرلیا،اب کام پر توجہ مرکوز کی جائے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے