English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں 10 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی منظوری

القمر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں 10 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں شروع کیے جانے والے سیف سٹی پروجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ کا پی سی ون جلد تیار کیا جائے تاکہ آئندہ 4 ماہ کے اندر منصوبے کے فزیکل لانچ کے لیے پروجیکٹ کی بڈنگ کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی اس منصوبے کے نفاذ میں دیر کر چکے ہیں اور اب میں کسی تاخیر کو برداشت نہیں کروں گا۔ منصوبے کے تحت 2 ہزار مقامات پر کیمرے سولر انرجی کے بیک اپ پر لگیں گے۔ مراد علی شاہ نے سیف سٹی اتھارٹی کو ایک سال کے اندر پہلا مرحلہ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیںاپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کے دور میں تمام ادارے غیر مستحکم ہوئے، عمران خان ملک میں خانہ جنگی اور انتشار کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ قومی سلامتی کے اداروں، عدالتوں اور الیکشن کمیشن پر عمران خان کے حملے قابل مذمت ہیں، جب اداروں کا استحکام اور معیشت کی مضبوطی عمل میں آ رہی ہے تو عمران خان کو تکلیف ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کیا جاتا، شکست کا بدلا سیاسی میدان میں ہوتا ہے، عمران خان کے اداروں پر سیاسی خودکش حملے اسے سیاسی طور پر مفلوج کردیں گے۔ مزید برآں پیر کوایشین ڈولپمنٹ بینک کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ریڈ لائن، اورنج لائن، یلو لائن اور کے سی آر پروجیکٹس مکمل ہونے سے شہر کراچی کا منظر تبدیل ہوجائے گا۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سے ترکی کے قونصل جنرل مسٹر کیمال سنگو نے وزیراعلیٰ ہاؤس ملاقات کی۔ اس دوران دوطرفہ تعلقات اور مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکی کے قونصل جنرل نے کہا کہ کراچی میں ترکش حکومت کلچرل سینٹر قائم کرنا چاہتی ہے۔ ترکی کراچی میں شپ بلڈنگ کا جلد کام شروع کریگا۔ بعد ازاں زیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ناروے کے سفیر مسٹر پیر البرٹ الاساس نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری پر بات چیت کی گئی۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں گندم کے دستیاب ذخیرے، حال ہی میں کاشت کی گئی نئی فصل اور دیگر ضروری معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے