کراچی:وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدرپیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ 15 مئی کو ائیرپورٹ ٹرمنل ون (اولڈ ائیرپورٹ) پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا اور وہاں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔
ہم سیاسی مداخلت نہ کرنے والی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ الیکشن کروانے کا آئینی اختیار اب شہباز شریف کے پاس ہے، جب مرضی الیکشن کرائیں گے، عمران ڈکٹیشن نہ دے، کیونکہ مدت اسمبلیوں کی ہوتی ہے، وزیر اعظم کی نہیں۔
ہماری خواہش ہے کہ اسمبلی 2023 تک کی اپنی مدت پوری کرے۔عمران نیازی اس ملک کی معیشت کی بربادی کی وجہ ہے اور اس وقت یہ ملک کے لئے سب بڑی تھریڈ ہے۔عوام کسی پاگل شخص کے پیچھے چل کر اس ملک اور معیشت کو نقصان نہ پہنچائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، سردار نزاکت، راشدخاصخیلی، محمد آصف خان، سردار خان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے کارکنوں کا اصرار تھا کہ ہم اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ان کی جمہوری طور پر نالائق، سلیکٹیڈ وزیر اعظم اور ان کی حکومت کو گھر بھیجنے پر ان کا پرتپاک استقبال کریں۔
سعید غنی نے کہاکہ ہم نے 22 پھر 23 اور بعد ازاں 24 اپریل کو یہ استقبال کرنا تھا تاہم کچھ وجوہات پر یہ پروگرام نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ اب 15 مئی بروز اتوار کو شام 5 بجے، اولڈ ٹرمینل پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نہ صرف پرتپاک استقبال کیا جائے گا بلکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔
