کراچی (اسٹاف رپورٹر) پانی کے بحران کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت شاہراہ فیصل پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاہے کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کراچی کے بنیادی مسائل کو اُٹھا رہی ہے ۔ 74سال ہو گئے کراچی کے عوام کے لیے پانی جیسا بنیادی مسئلہ حل نہ ہو سکا ۔ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے اور سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے لیکن اس کے لیے پانی کا کوئی انتظام نہیں ۔کسی بھی حکومت نے کراچی کے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا صرف عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں کراچی میں پانی کا اضافہ کیا گیا اور17سال ہو گئے کراچی کے لیے ایک گیلن پانی کا بھی اضافہ نہیں ہوا ۔ کراچی کے مسائل ہمیشہ جماعت اسلامی نے حل کرائے ہیں آئندہ بھی جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرا سکتی ہے ۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔