لاہور: سیکریٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب ملک ثناء اللہ خان کی زیر قیادت محکمہ نے سالٹ رینج میں پنجاب اڑیال کاغیر قانونی شکار کرنیوالے تین شکاریوں کو بروقت آپریشن کرکے قبل ازشکار رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور انہیں مبلغ دو لاکھ پچاس ہزارروپے جرمانہ کیا۔
تفصیل کے مطابق سالٹ رینج میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع چکوال مرزا عابد حسین کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف چکوال نے ایک کامیاب اور بروقت کارروائی کے دوران اڑیال کے غیرقانونی شکار میں مشغول تین افراد کو قبل ازشکار رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مال مقدمہ اپنی تحویل میں لے لیا اور ملزمان کا وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیا تاہم ملزمان کی جانب سے کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر تینوں ملزمان سے مجموعی طور پر دو لاکھ پچاس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کرلیا۔
یاد رہے کہ محکمہ کے صوبہ بھر میں غیرقانونی شکار کی روک تھام کیلئے جرمانوں کی شرح میں حالیہ اضافہ کے بعد ملزمان کو بڑے بھاری جرمانے کئے جارہے ہیں جس سے یقینا صوبہ میں غیرقانونی شکار کی بیخ کنی میں مدد ملے گی ۔