ڈھاکا: بنگلہ دیش کے وزیراطلاعات حسن محمود نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل ترجمان نوپور شرما کے پیغمبرِ اسلام ﷺکے بارے میں کیے گئے گستاخانہ تبصرے پر سخت ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے بیان میں حسن محمود نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺپرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی ناموس رسالت ﷺ کے خلاف کچھ ہوتا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔اْنہوں نے مزید کہا کہ گستاخانہ بیانات کامعاملہ بھارت کا اندرونی نہیں، یہ ایک بیرونی معاملہ ہے۔
انہوں نے معاملے پر بنگلہ دیش میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’ڈھاکہ کا معاملے کوبھڑکانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘ واضع رہے کہ ڈھاکا سمیت بنگلادیش کے دیگرشہروں میں جمعے کے روز نمازِ جمعہ کے بعد ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے تھے اور پیغمبرِ اسلام ﷺکے بارے میں گستاخانہ بیانات کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔