لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم صفدر کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں آئی ایم ایف معاہدے کے باعث بڑھانا پڑیں،آئی ایم ایف سے تیل کی قیمتیں بڑھانےکامعاہدہ عمران خان نے کیاتھا،ملک کا خزانہ بنی گالہ والے کھا گئے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم صفدر نے کہاکہ سیاست کا پالا ایک ایسے شخص سے پڑ گیا ہے جو فتنہ ہے،لوگوں کو چور اور ڈاکو کہنے والا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا وارداتی نکلا،تاریخ کے بڑے اسکینڈل عمران خان کے دور میں آئے،عون چودھری، جہانگیر ترین و دیگر توبہ توبہ کر کے تحریک انصاف سے نکلے۔
ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیں کہتا تھا امریکہ کے غلام ہیں،4سال تک جب ان کی حکومت تھی تب کوئی امریکی سازش نہیں تھی،چار سالوں سے صرف امیروں کو نوازا جاتا تھا،پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو کبھی بل نہیں آئے گا۔
انہوں نےمزید کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ غریب کا چولہا جلتا رہے، گزشتہ حکومت میں صرف امیروں کاخیال رکھاجاتاتھا،پورے ملک سے عمران خان کی سیاست کا صفایا ہونے جا رہا ہے۔
