کراچی : مظلوم عافیہ کی والدہ رب کے حضور پہنچ گئیں، حکمران اور مقتدر طبقوں کو ڈرنا چاہیے کہ ایک دکھیاری ماں اس قہار و جبار کی بارگاہ میں شکایت نہ کر دیں کہ انہوں نے طاقت اور اختیار رکھنے کے باوجود ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کے لیے سنجیدہ کوششیں نہیں کیں۔
یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ مرحومہ عصمت صدیقی کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے عصمت صدیقی کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عافیہ صدیقی کی والدہ پورے قوم کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی تھیں،
وہ عزم و ہمت کا کوہِ گراں اور توکل علی اللہ کی عملی تفسیر تھیں۔ وہ اپنی مظلوم بیٹی سے ملنے کی آس لیے اس دنیا سے چلی گئیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ اب بھی وقت ہے، عافیہ کی امریکی قید سے رہائی کو عملی جامہ پہنائیں، ورنہ ایسا نہ کہ روزِ محشر عافیہ اور اس کی والدہ کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبان تک پہنچ جائیں۔ دردانہ صدیقی نے اس موقع پر عصمت صدیقی کی کامل مغفرت، ان کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی اسیری سے نجات کے لیے بھی دعا کروائی۔