کراچی: ہل پارک کے قریب ریسٹورنٹ میں آگ لگ گئی، جس کے بعد عمارت میں دھواں بھر گیا ہے، آگ لگنے کے فوری بعد ہی لوگوں کو باہر نکالنے کا عمل جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہل پارک کے قریب ریسٹورنٹ میں آگ لگنے کے فوری بعد ہی فائر ٹینڈرز کی گاڑیاں پہنچ گئیں، فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کاکام شروع کردیا ہے، ساتھ ہی عمارت میں موجود لوگوں کو بھی باہر نکالنے کیلیے اقدامات کررہے ہیں۔
عمارت میں آگ لگنے کے بعد ہی ریسکیو آپریشن کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ہیں، جنہوں نے ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے متاثرہ لوگوں کی سانسیں بحال کرنے کوششیں کیں، ابھی تک کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
خیال رہے کہ ریسٹورنٹ رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور میں واقع ہے ، جس میں آگ لگ گئی ہے، ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے، بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ آگ ریسٹورنٹ میں رکھے گیس سلنڈر میں سے گیس لیکیج ہونے پر لگی ہے۔
