اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پری پول دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں ن لیگ کو فریق بنایا ہے، پی ٹی آئی نے مبینہ دھاندلی کے خلاف مفصل دستاویزی شواہد بھی الیکشن کمیشن کو جمع کروا دیے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان، ریاض فتیانہ اور افتخار درانی نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ہم نے پی پی 140شیخوپورہ کے حوالے سے ثبوت رکھے ہیں کیونکہ اسی حلقے کے ووٹ 2ہزار سے بڑھا کر 5572ووٹ تک بڑھا دیے گئے ہیں، یہ پری پول دھاندلی کی اقسام ہیں، وزرا کا جانا اور تاثر دینا، سرکاری مشینری کا استعمال اس سب کی روک تھام ضروری ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا حق استعمال کرتے ہوئے پٹیشن جمع کرائی ہے، ہم نے قبل از وقت اس لیے پٹیشن دائر کی ہے تاکہ کوئی یہ نہ بولے پہلے تو کوئی اعتراض نہیں تھا۔ 20نشستوں پر ضمنی انتخابات پر ن لیگی حکومت اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں، چھاتہ برداروں کی طرح وفاقی و صوبائی وزرا اپنی وزارتوں سے استعفے دے رہے ہیں لیکن یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کریں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی۔
