اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مالی سال2021-22کے مالی گوشوارے29 اگست 2022 تک جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ گوشوارے الیکشن ایکٹ 2017کی شق 210کے تحت الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرانا ضروری ہوتا ہے،سیاسی جماعتیں فارم ڈی پر مالی سال سال کے اختتام کے 60دنوں کے اندر اندر چارٹرڈ اکائونٹنٹ کی جانب سے آڈٹ شدہ مالی گوشوارے جمع کرانے کی پابند ہیں۔
مالی گوشوارے، سالانہ آمدن و اخراجات، فنڈز کے ذرائع و اثاثے اور واجبات کی تفصیلات پر مشتمل ہوں گے،مالی گوشوارے کے ساتھ چارٹرڈ اکائونٹنٹ کی مرتب کردہ رپورٹ کے ساتھ جماعت کے مجاز عہدیدار کی جانب سے دستخط شدہ سرٹیفیکیٹ شامل کرانا لازمی ہوگا،سرٹیفیکیٹ میں یہ بتانا ہوگا کہ الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شق کی رو سے کوئی بھی فنڈز کسی بھی ممنوعہ ذرائع سے حاصل نہیں کئے گئے اور یہ گوشوارہ بالکل درست ہے۔
یہ مالی گوشوارے فارم ڈی پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کے نام جماعت کے مجاز عہدیدار کے ذریعے جمع کئے جاسکیں گے،یہ فارم الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد ، صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر میں بلا معاوضہ دستیاب ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی یہ فارم ڈائون لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔