اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری کمیونٹی کو دوست ماحول فراہم کرنے پر زور دے رہی ہے۔
وز ارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بھی شرکت کی۔
وفد نے وزیر خزانہ کو ٹیکسٹائل کی صنعت کو در پیش مسائل اور چیلنجز سے آگاہ کیا، وفد کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے کو انکم اور سیلز ٹیکس ریفنڈز سمیت شرح تبادلہ اور موخر ادائیگی کے مسائل کا سامنا ہے۔وفد نے ٹیکسٹائل کے شعبے میں حکومت سے مدد کی درخواست کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ن نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری کمیونٹی کو دوست ماحول فراہم کرنے پر زور دے رہی ہے، انہوں نے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی جبکہ وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ٹیکسٹائل کے شعبے کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
