لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے سبطین خان کو نامزد کر دیا۔
بدھ کوپی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان قوم سے خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔جبکہ لاہور کا بھی دورہ کریں گے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رانا ثنا کے ہوتے ہوئے ن لیگ کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے، آپ گورنر راج کا شوق پور ا کرنا چاہتے ہیں تو وہ بھی کر کے دیکھ لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے نئے تاحیات لیڈر آصف علی زرداری ہیں۔
خیال رہے کہ سبطین خان 2018 کے انتخابات میں میانوالی کے حلقہ پی پی 88 سے منتخب ہوئے تھے۔ پنجاب میں عثمان بزدار کے دور حکومت میں ان کے پاس وزارت جنگلات، جنگلی ماحولیات اور آبی حیات تھی۔
