برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے نوح دستگیر بٹ نے ناصرف پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ اپنی کارکردگی سے سب سے دل بھی جیت لیے۔
نوح بٹ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن میری زندگی کا سب سے خوشی والا دن ہے۔
قومی ویٹ لفٹر نے مزید لکھا کہ مجھے آج فخر ہے کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور میں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، یہ سب میرے ماں باپ، دوستوں اور میرے تمام پاکستانیوں کی دعائوں کا نتیجہ ہے، اپنے پیغام کے آخر میں نوح بٹ نے پاکستان زندہ باد کے ساتھ قومی پرچم اور دل والا ایموجی بھی استعمال کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں نوح دستگیر بٹ نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، اپنے جذبات بیان نہیں کرسکتا۔
نوح دستگیر بٹ نے کہا کے حکومت سے کہنے کی ضرورت نہیں، میں نے اپنا کام کردیا، اب وہ کر کے دکھائیں۔ 7 سال سے اس گیم کو جیتنے کی کوشش کررہا تھا۔ اتنا وزن اٹھانا آسان نہیں ہوتا، 12سے 13سال کی محنت کے بعد یہ کر پایا۔
نوح دستگیر بٹ نے کہا کہ پچھلی بار برانز میڈل لیا تھا مگر اس بار پاکستان کا نام روشن کیا۔
نوح دستگیر بٹ نے اپنے اہل خانہ اور ٹریننگ سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ گھر میں ہی والد صاحب ٹریننگ کراتے ہیں، میرے والد بھی انٹرنیشنل ویٹ لفٹر تھے اور بھائی بھی اس کھیل میں ہے۔
