English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان آگ بھڑکا گیا، چین کی فوجی مشقیں، تائیوان کے علاقوں میں راکٹ باری

القمر

بیجنگ / تائی پے: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے چینی تنبیہ کے باوجود دورہ تائیوان نے خطے میں کشیدگی بڑھا دی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق نینسی پلوسی کے متنازع دورے کی وجہ سے چین اور تائیوان کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے واپس جاتے ہی چین نے بڑے پیمانے پر فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے، جس کے دوران تائیوان کے ارد گرد کے علاقوں میں میزائل بھی فائر کیے گئے ہیں۔

چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) نے تائیوان کے جزیرے کے ارد گرد پانیوں اور فضائی حدود میں لائیو فائر سمیت فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں جب کہ اس دوران مخصوص علاقوں میں میزائل بھی داغے گئے۔ چینی سرکاری ذرائع ابلاغ میں بتایا گیا ہے کہ وسیع پیمانے پر جاری عسکری سرگرمیوں میں لائیو فائر اور دیگر فوجی مشقیں شامل ہیں، جو جمعرات کی دوپہر شروع کی گئیں۔ چین کی فوجی مشقیں اتوار کی دوپہر تک جاری رہنے کا اعلان کیا گیا ہے۔  میڈیا ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر چینی فوجی مشقیں تائیوان کے ساحلی علاقے سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہوں گی۔

چین کی جانب سے غیر معمولی فوجی مشقیں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد شروع ہوئی ہیں۔ چینی تنبیہ کے باوجود متنازع دورے پر بیجنگ حکومت کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے جب کہ چین نے امریکی سفیر کو طلب کرکے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

چینی سرکاری روزنامے گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کی ایک فورس نے تائیوان کے مشرقی علاقے میں مخصوص سمندری مقامات پر کئی اقسام کے میزائل  داغے۔ ترجمان پی ایل اے کے مطابق میزائل داغنے کا عمل راکٹ فورس کی لائیو فائر میزائل صلاحیتوں کا تجربہ ہے۔

تائیوان کی وزارت دفاع نے چین کی جانب سے شمال مشرقی اور جنوب مغربی پانیوں میں کئی بیلسٹک اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغے  جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی عسکری سرگرمیوں کے جواب میں ہماری مسلح افواج معمول کے مطابق الرٹ ہیں۔ ہم کسی بھی قسم کی کشیدگی کے بجائے خطے کی سلامتی اور استحکام چاہتے ہیں، تاہم اگر بات ہماری خودمختاری پر آئے گی تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

تائیوان نے چینی فوجی مشقوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ تائیوان نے خبردار کیا ہے کہ یہ چین کی جانب سے بڑے پیمانے پر شروع ہونے والی عسکری سرگرمی علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ ترجمان وزارت دفاع نے پریس کانفرنس میں اسے بین الاقوامی نظام کو چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ چین نے نینسی پلوسی کے دورے سے قبل متنبہ کیا تھا کہ اگر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکرنینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو فوج کو متحرک کردے گا۔ترجمان چینی دفتر خارجہ کے مطابق نینسی پلوسی کا دورۂ تائیوان چین کی خودمختاری اور آزادی کو چیلنج کرنا ہے، ایسی صورت میں چین کی طرف سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے