ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں رواں برس پولیس نے گاڑیوں میں لاک ہوجانے والے 36بچوں کو بچایا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق دبئی پولیس نے سال رواں کے شروع سے ماہ رواں کے آغاز تک گاڑیوں میں لاک ہوجانے والے 36بچوں کو بچایا ہے۔دبئی پولیس کے اعلیٰ حکام نے ایک بار پھر کہا ہے کہ کسی بھی حالت میں بچوں کو گاڑی میں تنہا نہ چھوڑیں، بند گاڑی میں تنہا رہ جانے والے بچوں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے، آکسیجن کی کمی یا درجہ حرارت بڑھ جانے کے باعث ان کا دم گھٹ سکتا ہے۔
دبئی پولیس نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں یا پبلک مقامات پر گاڑی کبھی کھلی نہ چھوڑیں، بچے گاڑی کھلی دیکھ کر اس میں بیٹھتے ہیں اور گاڑی لاک ہوجانے پر پھنس جاتے ہیں اس طرح ان کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے،دبئی پولیس میں ادارہ آگاہی کے ڈائریکٹر بطی احمد الفلاسی کا کہنا تھا کہ جائزوں سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ لاک ہونے پر گاڑی کا درجہ حرارت 70سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، اتنی شدید گرمی بچے کی موت کا باعث بن جاتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق بچوں کے تحفظ کے سلسلے میں لاپروائی قابل سزا جرم ہے۔امارات میں 2016ء میں تحفظ اطفال سے متعلق قانون جاری کیا گیا تھا جس میں لاپروائی کو جرم قرار دیا گیا تھا۔
