کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت کراچی سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے کروڑ وں روپے خرچ کر چکی ہے ، امدادی سامان جس میں غذائی اجناس ، خیمے اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں ،متاثرہ علاقوں کے لیے روانگی کا سلسلہ جاری ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شب ادارہ نور حق میں قائم الخدمت کے مرکزی امدادی کیمپ میں الخدمت کی جاری امدادی سرگرمیوں اور سامان کی روانگی کے حوالے سے صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر بھر میں 150امدادی کیمپ قائم ہیں جن میں اہل کراچی بلا تفریق تعاون کررہے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے تمام کارکنان الخدمت کے رضا کار کے طور پر کام کر رہے ہیں ، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے ساتھ ساتھ اب متاثرین کی بحالی اور آباد کاری کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور متاثرین کو ایک کمرے اور کچن پر مشتمل مکانات تعمیر کر کے دیئے جائیں گے جن کے لیے اہل خیر سے فی مکان 50ہزار روپے عطیہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔
اس موقع پر الخدمت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ، ڈپٹی سیکریٹریز یونس بارائی ، عبد الرحمن فدا ، پاکستان ایسوسی ایشن آف دبئی کے رضوان ، جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ سکھر میں الخدمت میگا کچن سمیت اندرون سندھ 15کچن مسلسل مصروف عمل ہیں اور متاثرین کو پکا پکایا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ جس میں پاکستان ایسوسی ایشن آف دبئی کا تعاون حاصل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر کراچی میں اہل خیر افراد ، تاجرو صنعتکاروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے الخدمت سے بھر پور تعاون کریں ، کراچی کے نوجوان جماعت اسلامی کے کارکنوں کے ساتھ الخدمت کے رضا کار بنیں ، ادارہ نورحق میں قائم مرکزی امدادی کیمپ میں شہر بھر سے امدادی سامان روزانہ آرہا ہے اور متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ کیا جا رہا ہے ۔ نوجوان یہاں آئیں ، مائیں ، بہنیں بھی اس کام میں شریک ہوں ۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے شہر کھنڈر بن گیا ہے ۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، شہر میں کوئی بہتر ٹرانسپورٹ موجود نہیں ہے ۔ اس صورتحال کے ساتھ کے الیکٹرک کے بھاری بلوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور جگہ جگہ کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے ۔ اس سنگین صورتحال کے باوجود اہل کراچی نے ہمیشہ کی طرح اپنے مسائل اور مشکلات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کی ہے اور ثابت کیا ہے کہ وہ متاثرین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی و کرپشن ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ سندھ حکومت لسانی سیاست کرنے کے اپنے پرانے وتیرے پر چل رہی ہے اور اس میں وہ عناصر بھی شامل ہیں جو لسانی سیاست کر کے ہی اپنی دکانیں چمکاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پہلے قومی رہنما ہیں جنہوں نے سندھ ، بلوچستان ، جنوبی پنجاب اورکے پی کے کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور ان کی داد رسی کی ۔ جماعت اسلامی اپنے محدود وسائل کے ساتھ متاثرین کی خدمت ، امداد اور بحالی کے لیے کوشاں ہے ، ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔
