اسلام آباد:وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے آزادی کشمیر کی نشانی، سید علی شاہ گیلانی کو پہلے یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا سید علی گیلانی کے لئے بابائے حریت کا خطاب ان کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے۔مرد آہن سید علی گیلانی کی جدوجہد حریت اور کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔
جمعرات کے روز توئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی ایک فرد نہیں تحریک اور مشن کا نام ہے جس کا نعرہ کشمیر بنے گا پاکستان ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی شہید کا جسد خاکی چھین لینے سے کشمیریوں کی آزادی کے لئے تڑپ چھینی نہیں جاسکتی ۔اہل پاکستان اور کشمیری سید علی گیلانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے کا ان کا نعرہ آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے ۔اللہ تعالی سید علی گیلانی سمیت تمام شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے، تمام وابستگان کو صبرجمیل دے۔ آمین۔
