English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے تعاون قابل تعریف ہے ،مسعود خان

القمر

 اسلام آباد ،واشنگٹن مریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکی حکومت، کانگریس، سول سوسائٹی، پرائیویٹ سیکٹر اور مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے بڑے پیمانے پر تعاون کیا گیا ہے۔

مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے سیلاب سے بچائو اور امدادی کاموں میں تعاون اور امداد کو متحرک کرنے کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے ۔سفیر پاکستان مسعود خان قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام چھٹی بین الاقوامی مطالعاتی کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔

اپنے خطاب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں سے پاک اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں نے امن اور جنگوں میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔ باہمی دوستی کا رشتہ جاری و ساری ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ ہم اپنے خطے اور اس سے باہر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔ ہم دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہیں اور تنازعات کو حل کرنے اور امن کو فروغ دینے کے لیے سفارت کاری جاری رکھیں گے۔

مسعود خان نے کثیر الجہتی پاک امریکہ شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لیے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی کوششوں کو سراہا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ موجودہ دور میں دونوں ممالک کے دوطرفہ ایجنڈے میں اقتصادیات سر فہرست ہے۔

مسعود خان نے مزید کہا کہ حالیہ اعلی سطح کے دوروں اور ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری، صحت کے شعبے میں شراکت داری، فوڈ سکیورٹی ، ماحولیاتی تبدیلی، توانائی، زراعت، ٹیک سیکٹر اور عوامی روابط اولین ترجیحات ہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان فلبرائٹ سکالرشپ حاصل کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی طلبا کی کل تعداد 7500 ہے جو کہ خطے کے دیگر ممالک کے طلبا مقابلے میں بہت کم ہے۔ ہمیں اس تعداد کو بڑھانے کیلئے سٹیم (سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی)اور دیگر مضامین میں طلبا کی تعلیم اور اندراج کرانے کی کوشش کرنی چاہیے، قائداعظم یونیورسٹی اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔سفیر پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اعتماد سازی کو بڑھانے کے لئے دونوں ممالک کی سافٹ پاورکو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پاکستانی یونیورسٹیوں میں لنکن کارنرز کے کردار کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے امریکہ میں بھی پاکستانی یونیورسٹیوں کی نمائندگی کی تجویز دی اور کہا کہ تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کی بہتری اور امریکی یونیورسٹیوں میں پاکستان چیئرز کو فعال کرکے یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ایریا سٹڈی سنٹر پاکستان میں امریکہ کے بارے میں نہ صرف سیاسی طور پر بلکہ ،معاشی، تکنیکی، سماجی اور ثقافتی منظر نامے کے بارے میں افہام و تفہیم کو بڑھانے کے لیے بہتر ین کردار ادا کر رہا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کا مستقبل روشن ہے، دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھناہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے