اسلام آ باد :وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ سیاسی ہلچل میں ہمیں سیلاب زدگان کو نہیں بھولنا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں وفاقی وزیر شیری رحمان نے لکھا کہ سیاسی ہلچل میں ہمیں سیلاب زدگان کو نہیں بھولنا چاہئے ،ابھی بھی ہمارے لاکھوں بھائی، بہنیں اور بچے کیمپوں اور کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے پانی کی وجہ سے ڈینگی، ملیریا، گیسٹرو، ڈائریا اور جِلد کے امراض سمیت دیگر بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی کئی علاقے زیر آب ہیں جس کی وجہ سے لوگ واپس اپنے گھروں کی طرف نہیں جا سکتے، سردیوں میں ان لوگوں کو پناہ اور گرم کپڑوں کی شدید ضرورت ہوگی
۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخیر حضرات سمیت تمام پاکستانیوں سے درخواست ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے آگے آئے۔
