آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے افتتاحی میچ میں بڑا اپ سیٹ ہوا ہے، نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکا کی ٹیم 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 108رنز بنا سکی جب کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
نمیبیا کی ٹیم لنکن ٹائیگرز کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشنا، دشمنتھا چمیرا، چمیکا کرونارتنے اور ہسرنگا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جبکہ سری لنکا کے کھلاڑیوں میں دھننجایا ڈی سلوا 12، گناتھیلیکا 0، بھانوکا راجا پاکسے 20، کپتان داسن شاناکا 29، ہسرنگا 4، چمیکا کرونارتنے 5 رنز بناکر نمایاں رہے، نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے، برنارڈ شولٹز، جان فرائیلنک نے 2، 2 جبکہ اسمٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب نیمبیا کے مڈل آرڈر بلے باز جان فرائلنک اور جے جے سمٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
جان فرائلنک 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جے جے سمٹ نے ناقابل شکست31 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کے شہر جی لانگ کے کارڈینیا پارک اسٹیڈیم میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے جہاں پہلے میچ میں نمیبیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھے۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت داسن شنکا کر رہے تھے جب کہ نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس تھے۔
