کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹر اسکولز ٹورنامنٹ 2021-2022ء کی فاتح ٹیموں میں تقسیم انعامات کی تقریب بورڈ کی سماعت گاہ میں منعقد ہوئی۔
تقریب کی صدارت چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے کی، جس میں مہمانان خاص میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ تنویر احمد، سید علی رضا، فواد خان اور نجیب الحسن تھے۔ چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ میٹرک بورڈ طلبہ کو تعلیمی اسنادکے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد نے کہا کہ صحت مند معاشرہ کی تشکیل نو کے لیے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ اسپورٹس حور مظہر نے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انٹر اسکولز ٹورنامنٹ میں بوائز میں پہلی پوزیشن ہیپی پیلس گرامرا سکول ایف بی ایریا، دوسری پوزیشن ڈی ایچ ایز، ایس کے بی زیڈ نے حاصل کی۔ فٹ بال میں پہلی پوزیشن سٹی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کورنگی، دوسری پوزیشن بحریہ کالج ای اے بی 2 کو ملی۔ بیڈمنٹن میں پہلی پوزیشن بحریہ کالج حنیف کیمپس کارساز جب کہ دوسری پوزیشن پاک ترک معارف اسکول گلستان جوہر نے حاصل کرلی۔
ٹیبل ٹینس میں پہلی پوزیشن گرین آئس لینڈ فاؤنڈیشن اسکول اور دوسری پوزیشن بحریہ کالج ای اے بی ون مجید کیمپس کو ملی۔ رسہ کشی میں پہلی پوزیشن بحریہ کالج ای اے بی ون مجید کیمپس اور دوسری پوزیشن گورنمنٹ بوائز کمپری ہینسو ہائی اسکول عزیز آباد کو مل گئی۔
طالبات میں بیڈمنٹن کی پہلی پوزیشن میں سینٹ جونز ہائی اسکول ڈرگ روڈ اور دوسری پوزیشن بحریہ کالج ای اے بی 2 مجید کیمپس کو حاصل ہوئی۔
ٹیبل ٹینس میں پہلی پوزیشن بحریہ کالج ای اے بی 2 مجید کیمپس جب کہ دوسری پوزیشن بحریہ کالج کریم کیمپس اور رسہ کشی میں پہلی پوزیشن بحریہ کالج ای اے بی 2 مجید کیمپس، دوسری پوزیشن بحریہ کالج ای اے بی 2 مجید کیمپس نے حاصل کی۔
