اسلام آباد: سینیئر صحافی ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کے معاملے پر قائم تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان کینیا روانہ ہوگئے جبکہ پمز میں معروف اینکرپرسن کا پوسٹمارٹم مکمل ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی میں ڈائریکٹر ایف آئی اے اطہر وحید اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی عمر شاہد شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے قائم تحقیقاتی کیمٹی کے ارکان کینیا میں ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کریں گے، کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کمیٹی ممبران کی معاونت کرے گا۔
وزارت داخلہ نے ارشد شریف کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی تھی۔ دوسری جانب اہلخانہ کی درخواست پر سینئرصحافی ارشد شریف کا پوسٹمارٹم مکمل ہوگیا۔
ترجمان پمز کے مطابق ارشد شریف کی میت کا ایکسرے اورسٹی اسکین مکمل ہونے کے بعد میت کو دوبارہ مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا۔ کینیا میں قتل ہونے والے معروف اینکر اور سینئر صحافی ارشد شریف کا پہلا پوسٹمارٹم کینیا میں کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کے اہل خانہ کی جانب سے پوسٹ مارٹم کی درخواست دی گئی تھی، جس کے بعد ارشد شریف کا جسد خاکی پولیس اور ایف سی اہلکاروں کے حصار میں پمز اسپتال اسلام آباد روانہ کیا گیا، میت کے ساتھ ارشد شریف کے صاحب زادے بھی موجود تھے۔ ترجمان پمز نے یقین دہائی کرائی ہے کہ پوسٹمارٹم کی رپورٹ جلد موصول ہو جائے گی۔
