اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس پر وضاحت کے لیے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پراپنے پرانی ساتھی فیصل واوڈا کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔
عمران خان نے چند روز قبل سابق وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس پر ان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ان کی بنیادی رکنیت ختم کردی ہےپی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں عمران خان کی جانب سے فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ’یہ نوٹس پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو 26 اکتوبر جاری کردہ شوکاز نوٹس کے حوالے سے جاری کیا جارہا ہے، آپ نے مقررہ مدت کے اندر نوٹس کا جواب نہیں دیا اس لیے پارٹی سے آپ کی رکنیت ختم کی جاتی ہے‘۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ کے بیانیےکی آڑ میں سازش رچائی جارہی ہے، عوام ہرچیز پر لبیک کہیں لیکن کسی اور کے لیے بے گناہ موت نہ مریں، پر امن احتجاج کی آڑ میں بہت سارا خون بہتا دیکھ رہا ہوں۔
