لاہور: معروف مذہبی سکالر و عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ نبی آخر الزماں ﷺ کی حیات طیبہ دنیا بھر کے مسلمان ہی نہیں تمام انسانوں کے لئے زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے اور قرآن پاک کے ارشادات کے مطابق زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ افراد ہمارے پیارے نبی ﷺ کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کر کے دنیاوی و اخروی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
پاکستان ہیلتھ سپورٹ سٹا ف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لاہور جنرل اسپتال میں منعقدہ خاتم النبین ﷺ کانفرنس میں مولانا طارق جمیل نےکہا کہ بالخصوص میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد کو سیرت النبی ﷺ سے زیادہ مستفید ہونا چاہیے ۔پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ رحمت العالمین ﷺ نے دکھی انسانیت کی خدمت کا عملی درس دیا اور مشکل میں مبتلا افراد کی بلا رنگ و نسل مدد کو شعار بنا کر بتایا کہ کسی ایک انسان کی زندگی بچانا ساری انسانیت کے تحفظ کے برابر ہے۔
مولانا طارق جمیل نے مزید کہا کہ مادیت پرستی کے موجودہ دور میں انسانی فلاح و بہبود کی بے لوث سرگرمیاں کسی نعمت سے کم نہیں ،ہمیں چاہیے کہ اس عارضی زندگی میں ایک دوسرے کی زیادہ سے زیادہ بھلائی کو یقینی بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ پیارے نبی ﷺ کی حیات طیبہ کا اصل سبق یہی ہے کہ اپنی ذات سے نکل کر دوسروں کی فلاح و بہبود کا کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ رزق حلال کمائیں، جھوٹ سے دور رہیں جس سے ہماری نسلیں سنور جائیں گی۔
اس موقع پر محفل نعت اور درود و سلام کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شرکاءنے آقا ئے دو جہان حضرت محمد ﷺ کو ہدیہ عقیدت پیش کیا۔مولانا طارق جمیل نے لاہور جنرل ہسپتال میں قائم گرافی لان کا بھی افتتاح کیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی، سلامتی، کشمیر سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کی آذادی اور ظلم سے نجات کیلئے دعا کرائی۔ پرنسپل نے مولانا طارق جمیل کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
