اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف پارٹی قائد سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہم تقرریوں، خارجہ امور، سیاسی صورتحال، پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس سمیت دیگر قومی معاملات پر لندن میں مشاورت کے بعد پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ۔
نوازشریف اور شہباز شریف کے درمیان طے پانے امور کے بارے میں اتحادیوں کو اعتمادمیں لینے کے یے آئندہ 2، 3 روز میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس متوقع ہے ،حتمی فیصلہ ہونے پر پی ڈی ایم کاسربراہی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔
نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقاتوں کے دوران اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جس میں آرمی چیف کی تعیناتی پر بھی غور کیا گیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پارٹی قائد سے ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی معاملہ ہے، آئین کے مطابق طے ہو گا۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ و دیگر امور پر بھی غورکیا گیا ۔ نواز شریف ، شہباز میٹنگ میں طے فیصلوں پر پی ڈی ایم کی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
پاکستان روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے نوازشریف اور مریم نواز کے ساتھ دوگھنٹے سے زائد وقت گزارا۔بعد ازاں شہباز شریف پاکستان روانہ ہوگئے۔
