کراچی: وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے کہاکہ آئیڈیاز 2022 کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کرلیے گئے۔ نمائش میں 64ملکوں کے 285 غیرملکی دفاعی مندوبین نے شرکت کی جس سے اس نمائش کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ نمائش میں 30سے زائد مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
محمد اسرار ترین کامزیدکہناتھاکہ پاکستان نے عالمی مسابقت کے باوجود دنیا میں ہم آہنگی اور امن کے داعی ملک کی حیثیت سے ہمیشہ اس آفاقی نظریے کو مقدم رکھا ہے کہ ہتھیار امن کی ضمانت ہیں۔۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2022کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اختتامی تقریب میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد عارف ملک ہلال امتیاز(ملٹری)، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈیپو برگیڈیئر نوید اعظم چیمہ، ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور محمد طاہر ستارہ امتیاز اور بدر ایکسپو سلوشنز کے سی ای او زوہیر نصیر نے بھی شرکت کی۔
ان کاکہناتھاکہ غیرملکی مندوبین اور غیرملکی نمائش کنندگان نے نمائش کے دوران پرسکون طریقے سے قیام کیا جس سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جو اس طرح کے بڑے ایونٹ احسن انداز میں منعقد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
