دوحا: فیفا ورلڈ کپ 2022 میں ایک جانب دنیا کی 32 ٹیموں اور ان کے شائقین میں جوش و خروش پایا جاتا ہے، وہیں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے کئی ممالک کے فٹبال شائقین نے فلسطینی پرچم لہرا کر قابض اسرائیل کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔
قطر کے دارالحکومت دوحا میں ایک صحافی کو شائقین سے بات کرتے ہوئے اس وقت سخت شرمندگی اٹھانا پڑ گئی، جب اس نے اپنا تعارف بطور اسرائیلی کروایا۔
صحافی نے ایک نوجوان سے پہلے احوال پوچھا ، پھر سوال کیا کہ کیا آپ لبنان سے ہیں؟ نوجوان کے مثبت میں جواب دینے پر صحافی نے اپنا تعارف بطور اسرائیلی کروایا، جس پر شائقین واپس پلٹ گئے اور صحافی سے مزید گفتگو کرنے سے انکار کردیا۔
صحافی کی جانب سے دوبارہ بات کرنے پر نوجوان نے اسے اپنی اصلاح کرنے کو کہا کہ وہ اسرائیل نہیں، بلکہ فلسطین ہے۔اس موقع پر موجود نوجوانوں نے بار بار کہا کہ وہ اسرائیل نہیں، فلسطین ہے، لہذا اسے فلسطین ہی کہو۔
دریں اثنا دوحا میں ورلڈ کپ کا بھرپور جوش نظر آ رہا ہے، جگہ جگہ شائقین اپنے جوش و خروش کا مختلف انداز سے مظاہرہ کررہے ہیں۔ اسی دوران ایک اسرائیلی ٹی وی کی براہ راست نشریات میں فٹبال شائقین نے نہ صرف فلسطینی پرچم لہرا دیے بلکہ اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

