لاہور: پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ آفس سمیت سرکاری محکموں کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اس دوران وزیراعلیٰ نے صوبے میں کفایت شعاری پالیسی پر عملدر آمد کیلئے ہدایات جاری کیں، جس کے تحت وزیراعلیٰ آفس سمیت تمام سرکاری محکموں کے نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا، سرکاری محکموں کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق چوہدری پرویزالہٰی نے پنجاب بھر میں سرکاری اراضی کامکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا اور ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کی تفصیلات 7روز کے اندر وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائیں، سرکاری اراضی کو شفاف طریقے سے نیلام کرنے کیلئے جامع پالیسی تیار کی جائے گی۔ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ محکمے ریونیو بڑھانے کیلئے منفرد انداز سے نئے اقدامات متعارف کرائیں، متعلقہ محکمے ریونیو کے ٹارگٹس کے حصول کیلئے دن رات ایک کردیں، صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق صوبے کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اس دوران چوہدری پرویز الٰہی نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کی منظوری دی۔

