اسلام آباد: ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جب کہ خشک موسم اور دھند نے نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جب کہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ ماہرین کے مطابق کئی علاقوں میں موسم کی شدت کے باعث پارہ نقطہ انجماد تک جا چکا ہے جب کہ پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو میں درجہ حرارت منفی 11، زیارت میں منفی 10، قلات میں منفی 9، کالام میں منفی 8، استور میں منفی 7، گلگت و کوئٹہ میں منفی 6، ہنزہ میں منفی 5، چترال و دیر میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکراڈ کیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجھ حرارت 1،لاہور 6،پشاور صفر جبکہ کوئٹہ میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ کئی علاقوں میں خشک اورسرد ہواوں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ پنجاب ،خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند پڑے گی۔
پش گوئی کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،تا ہم صبح کےاوقات میں کہر پڑنے کا امکان ہے۔ اُدھر خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد ، پشاور،رشکیئ ، نوشہرہ، مردان، صوابی ،چارسدہ ا ور ڈی آئی خان میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ،فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر،ملتان ، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید دھند پڑنےکا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ ، چمن ، زیارت،ژوب اور گردو میں ہلکی بارش اور کہیں کہیں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

