اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور گردشی قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے قائم کمیٹی کو 3 دن میں رپورٹ کو حتمی شکل دے کر پیش کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے خزانہ ڈویژن میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونیوالے اس اہم اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، اشفاق یوسف تولہ، سیکریٹری خزانہ اور فنانس اور پیٹرولیم ڈویڑن کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے حل کے لیے قائم کمیٹی شرکا کوگیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے معاملے پر بریفنگ دی اور کمیٹی نے گردشی قرضوں کابوجھ کم کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پروزیر خزانہ نے توانائی کے شعبے کے مسائل بشمول گردشی قرضے سے نمٹنے کے لیے حکومت کی ترجیحات پر زور دیا تاکہ اس شعبے کی مالی استحکام اور ملک کی اقتصادی ترقی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے معاملے کو حل کرنے کے لیے تین کام کے دنوں میں اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دیں۔

