لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ملکی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں خاتم النبیین ﷺ یونیورسٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے سابق صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری کی ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرویز الہیٰ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی خدمت میرا نصب العین ہے۔ اللہ تعالی نے دین کی خدمت کی بھی توفیق دی ہے۔ پاکستان میں پہلی بار خاتم النبیین ﷺ یونیورسٹی لاہور میں بنانے جارہے ہیں، پنجاب اسمبلی نے بھی یونیورسٹی کے قیام کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ یونیورسٹی کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ خاتم النبیین ﷺ یونیورسٹی سیرت النبیﷺ پر ریسرچ کے حوالے سے ایک ممتاز ادارہ بنے گی۔

