لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر وزیرآباد میں احتجاجی مارچ کے دوران کنٹینر پر فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے متعلق فارنزک رپورٹ منظر عام پر آ گئی، جس کے مطابق عمران خان کو گولیاں نہیں بلکہ گولیوں کے تین ٹکڑے اور ایک دھات کا ٹکڑا لگا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے مقام سے ملنے والے 10 گولیوں کے خول فرانزک کے لیے بھیجے گئے تھے۔ علاوہ ازیں میڈیکل لیگل کی جانب سے بنائی گئی رپورٹ بھی فرانزک کے لیے بھجوائی گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے ٹرک کے بائیں طرف سے فائرنگ کی گئی۔ فرانزک سائنس لیبارٹری کو 33 شواہد پارسل میں بھجوائے گئے تھے۔ یہ تمام شواہد ، سی سی پی او آفس لاہور ، ڈی پی او وزیر آباد اور جے آئی ٹی کے ارکان کی جانب سے بھجوائے گئے۔
علاوہ ازیں معظم گوندل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی منظر عام پر آگئی، جس کے مطابق اسے سر کے پیچھے ایک گولی لگی، جو ماتھے سے باہر نکلی۔ معظم پر گولی اونچائی سے فائر ہوئی، جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

