فیصل آباد: جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی سے عوام کو چینی کی قیمت میں 98ارب اور آٹے کی قیمت میں 181ارب روپے اضافی دینے پڑے۔بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب آدمی کے لیے دو وقت کی باعزت روٹی بھی کھانا محال ہوگیا ہے۔
پروفیسرمحبوب الزماں بٹ کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت پاکستان گندم برآمد کرنے والے ملک سے گندم درآمد کرنے والا ملک بن گیا ہے۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملکی وسائل سے استفادہ کرنے کی بجائے حکمران کشکول لے کر در بدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے والوں نے آج ملک وقوم کو عالمی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ اس وقت تک ملکی معیشت میں بہتری نہیں آسکتی جب تک معیشت کو سود سے پاک نہیں کردیا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ چھ ماہ مدت اقتدار گزارنے کے بعد بھی اتحادی حکومت کے وزیر اعظم اور اس کی ٹیم سوائے لفظی گولہ بارود کے اور کچھ نہیں کر سکتی۔ آئے روز وزیروں مشیروں کے تبادلے، بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ اور ٹی وی پر بیٹھ کر مخالفین پر لفظوں کے تیر چلانے کے علاوہ حکومت کو کوئی سنجیدہ کام نظر نہیں آتا۔ انھوں نے کہا کہ گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔

