کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ہر گزڈالنے نہیں دیا جائے گا،پیپلز پارٹی دوبارہ گنتی کے نام پر سرکاری مشینری استعمال کر کے اور ڈی سیز پر سیاسی دباؤ بڑھا کر بدترین دھاندلی کا دروازہ کھول رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں امرائے اضلاع و ذمہ داران کے ہمراہ ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال اور سندھ حکومت و پیپلز پارٹی کی پوسٹ پول رگنگ کے بعد پیدا شد ہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی پوسٹ پول رگنگ کے خلاف پورا شہر کھڑا ہوگا، ہماری جیتی ہوئی نشستوں میں 2کا اضافہ ہو گیا مزید 7بھی واپس لیں گے‘جس کے تصدیق شدہ فارم11اور 12ہمارے پاس موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی شہر کی نمبر ون پارٹی بن کر سامنے آئی ہے اور ہم سادہ اکثریت کی جانب جا چکے ہیں لیکن ہماری واضح اکثریت کو کم کرنے کے لیے آر اوز کے دفاتر میں نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ ڈسٹرک ویسٹ کے ٓآفس میں آر او غلام قادر تالپورکے دفتر میں نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔95یوسی میں ہمارے امیدواروں کے فارم 11اور 12ہمارے پاس موجود ہیں ان میں سے 9یوسیز کے نتائج میں آر او آفس میں سازش کے ذریعے ہمیں ہارا ہوا ظاہر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ان میں سے 2ہمیں واپس مل گئی ہیں باقی یوسیز میں اورنگی ٹاؤن کے یوسی نمبر 8,7,3 منگھوپیر معمار یوسی 12، گلشن اقبال یوسی 1، مومن آباد یوسی 3اورماڈل کالونی یوسی 8شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 10یوسیز میں ہم نے دوبارہ گنتی کی درخواست بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارے مینڈیٹ پر شب ِ خون ماراگیا ہے اس دھاندلی کے خلاف شہر بھر میں احتجاج کیا جائے گا، ہم پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بلاول زرداری اور مراد علی شاہ سے کہتے ہیں کہ پہلے ہمارے نتائج کی تصحیح کی جائے پھر بات ہوگی،پی ٹی آئی کو بھی شکایت ہیں ہم ان سے بھی کہتے ہیں کہ فارم 11اور 12کے حوالے سے وہ آئیں ہم ان کا ساتھ دیں گے اور اگر اس طرح کا کوئی معاملہ پیپلز پارٹی کے ساتھ پیش آتا تو ہم اس کی بھی مذمت کرتے۔

