ریاض:سعودی وزارت خارجہ نے بائی ایئر آنے والوں کے لیے الیکٹرانک طور پر ٹریفک وزٹ ویزا جاری کرنے کی سروس شروع کردی ہے ، اس سروس کا مقصد سعودی عرب میں تمام مقاصد کے لیے آنے والوں کے لیے ویزا کے حصول کے طریقہ کار کو آسان اور خود کار بنانا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرانزٹ ویزا پر مملکت آنے والوں کو بھی عمرہ ادا کرنے، مسجد نبوی کی زیارت کرنے، سیاحتی مقامات کی سیر کرنے اور سیرو تفریح کے لیے دیگر علاقوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔
بیان کے مطابق سروس کا آغاز30 جنوری سے ہو چکا ہے۔ سعودی ایئرلائنز اور فلائی ناس کے الیکٹرک پلیٹ فارمز کے ذریعے وزٹ ٹرانزٹ ویزا کی درخواست دی جا سکتی ہے۔ یہ درخواست خود کار طریقہ سے وزارت خارجہ میں ویزا کے لیے متحد قومی پلیٹ فارم پر منتقل ہو جائے گی،درخواست کو فوری پراسیس کیا جائے گا اور ڈیجیٹل ویزا جاری کرنے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ اس کے بعد ویزا کو درخواست دہندہ کو ای میل کردیا جائے گا۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانزٹ ویزا سروس سے سعودی عرب کی پوزیشن مضبوط ہوگی اور یہ براعظموں کو جوڑنے والے ایک مرکز کے طور پر ممتاز سٹریٹجک مقام حاصل کرلے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سروس سے سعودی ویژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی،وزارت نے بتایا کہ دورے کے لیے ٹرانزٹ ویزا مفت ہوگا اور فوری طور پر سفری ٹکٹ کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔ اس کی میعاد تین ماہ تک ہوگی اور مملکت میں رہائش 4 دن کی مدت تک کے لیے ہوگی۔

