اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں فنڈ ریزنگ کی جائے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میری پاکستان کے مخیر حضرات، صنعتکاروں اور کاروباری افراد سے وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ زدگانِ ترکیہ اور شام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل ہے۔پاکستانی عوام زلزلہ زدگان کیلئے امدادی اشیا این ڈی ایم اے کے کلیکشن سینٹرز پر جمع کروا سکتے ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان ترکیہ جیسے اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امدادی کارروائیوں کو منظم کرنے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی قائم کردی۔وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق، وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کمیٹی کے رکن ہوں گے۔وزیرِ تعلیم رانا تنویر حسین، وزیرِ مذہبی امور مفتی عبدالشکور، چیئرمین این ڈی ایم اے، پاکستان کے ترکیہ اور شام میں سفیر اور معاونِ خصوصی سیدطارق فاطمی بھی کمیٹی کے ممبر ہونگے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کمیٹی کا روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس امدادی سامان کی ترکیہ اور شام ترجیحی بنیادوں پر ترسیل یقینی بنائے گا۔پاکستان سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے امدادی سامان بھیجا جائے۔این ڈی ایم اے ہنگامی بنیادوں پر پاکستان کے ہر ضلع میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امداد اکٹھی کرنے کیلئے کلیکشن سینٹر بنائے۔این ڈی ایم اے تمام صوبائی حکومتوں سے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے رابطے بڑھائے۔یقینی بنایا جائے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے بھیجا جانے والا سامان معیاری ہو۔کمبل، گرم کپڑے، بچوں کی خوراک اور خیموں کا فوری بندوبست کیا جائے۔
