کراچی: تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ جب سے یہ امپورٹڈ حکومت آئی ہے انہوں نے چار کارنامے انجام دیے ہیں، پہلا انہوں نے اپنے تمام کیسز معاف کروائے ہیں، دوسرا انہوں نے مزید کرپشن کی ہے۔
علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ تیسرا کارنامہ ان کا یہ تھا کہ انہوں نے ملک کو معاشی طور پر کمزور کیا، چوتھا کارنامہ یہ ہے کہ ان سے کوئی سوال کرے تو یہ جھوٹے مقدمات بنا کر جیل میں ڈال دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت نے شہباز گل، اعظم سواتی اور فواد چوہدری کو بھی جیل میں ڈالا، یہ ریاستی مشینری استعمال کر کے لوگوں کو دھمکاتے ہیں۔ مجھ سمیت کئی رہنماؤں پر دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کوئی رہ تو نہیں گیا جو انکے خلاف نہ ہو، شہباز شریف کہتا ہے کوئی رہ تو نہیں گیا جو وزیر نہ بنا ہو۔ ان کی کابینہ 100 ارکان سے تجاوز کر گئی ہے۔
علی زیدی نے کہاکہ یہاں زرداری اور بلاول پر تنقید کرنے پر مقدمات بن جاتے ہیں، عمران خان نے اب جیل بھرو تحریک کا اعلان کردیا ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم خود جیل چلے جاتے ہیں۔جیل بھرو تحریک کے لئے میں نے سب سے پہلے اپنا نام لکھوایا ہے۔

